(ایجنسیز)
دبئی میں کسٹم حکام اور غیر ملکیوں کے اقامتی امور کے نگراں ادارے کی جانب سے ملازمین کے استحکام کے لیے ان کی اجتماعی شادیوں کا ایک منفرد پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت دونوں اداروں سے وابستہ ملکی اور غیر ملکی 80 اجتماعی جوڑوں کو پیش آئندہ مئی میں رشتہ ازدواج میں منسلک کیا جائے گا۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دبئی کسٹم کے ڈائریکٹر اور اجتماعی شادی کمیٹی کے صدر خلیل صقر نے میڈیا کو بتایا کہ ہم نے مرد اور خواتین ملازمین کو ان کی منشاء اور مرضی کے تحت ہی اجتماعی شادی کے بندھن میں باندھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملازمین مرد و زن کی اجتماعی شادی دبئی کسٹم کی جانب سے پہلی کاوش نہیں بلکہ پچھلے دو سال سے
اجتماعی شادیوں کی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔
خلیل صقر کا کہنا تھا کہ محکمہ انکم ٹیکس اور دیگر شعبوں میں کام کرنے والے اماراتی اور غیر اماراتی ملازمین کی اجتماعی شادی کا مقصد ان کے عائلی اور خاندانی نظام کو مستحکم کرنا ہے۔ اجتماعی شادیوں سے صرف دبئی حکومت کو فائدہ نہیں پہنچ رہا ہے بلکہ شادیاں کرنے والے جوڑے بھی اطمینان اور سکون کے ساتھ اپنی ملازمت اور پیشہ وارانہ فرائض جاری رکھتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پچھلے دو سال سے اجتماعی شادیوں کی تقریبات میں عوام اور ریاست کے دوسرے اداروں کی جانب حوصلہ افزائی کی گئی ہے۔ پچھلے سال اجتماعی شادی کی تقریبات میں دبئی مذہبی امور، بجلی، دبئی واٹر سپلائی، دبئی بلدیہ اورمحکمہ شاہرات ومواصلات نے بھی اجتماعی شادی کے پروگرام میں اپنا حصہ ڈالا تھا۔